براكات درود و سلام

اللہ رب العزت کی مجھ عاجز پر فضل و احسان کی بارش ہے کہ اس رحیم و کریم ذات نے مجھ عاجز کو محض اپنی خاص رحمت سے یہ توفیق خاص عطا فرمائ کہ میں محسن اعظم حضرت محمد عربی ﷺ کی مبارک ذات کی خدمت میں درود و سلام کا گلدستہ تیار کرکے امت محمدیہ کے سامنے پیش کرنے کی سعادت حاصل کرسکوں۔


اللهم لك الحمد و لك الشكر و لا فخر يا كريم
یا اللہ سب تعریفیں تیری ھیں اور تیرا شکر ہے اس میں بڑائ کی کوئ بات نہیں اے کرم کرنے والے

الحمد لله الذي بنعمته تتم الصالحات
تمام تعریفیں اسی اللہ کے لیے ھیں جس کے احکام (کی مدد) سے تمام نیک کام پورے ہوتے ہیں

اللہ تعالی ہی بہتر ےجانتا ہے کہ کتنی بڑی سعادت مندی ان مبارک و خوش قسمت بندوں کے مقدر میں لکھ دی جاتی ہے جو اپنے حبیب حضرت محمد عربی ﷺ کی خدمت میں درود و سلام کا ہدیہ صبح و شام پیش کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں، کیونکہ درود پاک وہ خاص طرز عبادت ہے جو اللہ رب العزت نہ صرف خود فرماتا ہے بلکہ اسکے تمام فرشتے بھی اسے انجام دیتے ہیں۔ درود بھیجنا حقیقت میں اس محسن اعظم ﷺ کے احسانات کا دل سے اعتراف کرنا ہے کہ جسکی شب و روز کی محنت سے انسانیت گمراہ کن طرز زندگی اور جہالت والے رسم و رواج سے نکل کر ایک پاکیزہ زندگی گزارنے کا طریقہ سیکھ کر اپنی دنیا و آخرت سنوارنے میں کامیاب ہوگئ۔ آج بھی وہ لوگ جو واقعی حضورﷺ کو زندگی کے ہر شعبہ میں یعنی پیدائش سے لیکر موت تک اور بیت اللہ سے لیکر بیت الخلا تک اپنا رہبر و امام بناچکے ہیں یعنی شریعت و سنت کے مطابق زندگی گزارتے ہیں وہ صبح و شام ۳۰۰،۳۰۰ مرتبہ درود شریف پڑھنا حضور ﷺ کے احسانات کا بدلہ اتارنے کی ادنی سی کوشش ضرور کرتے ہیں کیونکہ درود شریف پڑھنے سے بڑھ کر شاید ہی کوئ اور عبادت ہو جس سے حضور ﷺ کی محبت اور احسانات کا بدلہ اتارا جاسکے۔ الحمد للہ ! اللہ تعالی سے درود و سلام کا گلدستہ تیار کرنے کی دعا مانگی جس کے نتیجہ میں یہ کتاب ’’ براکات درود و سلام ‘‘ جو کہ اس وقت آپ کے ہاتھوں میں ہے تیاری کی توفیق مل گئ اللہ تعالی محض اپنے فضل خاص سےاس حقیر سی کوشش کو اپنی بارگاہ میں نہ صرف قبول فرمائے بلکہ اس کا ثواب حضرت محمد عربی ﷺ کی خدمت میں ہدیہ پہنچا کر اس کتاب کے فیض کو قیامت تک کے لئے جاری و ساری فرمادیں اور تمام مسلمانوں کو سفر و حضر میں اس کتاب سے مکمل فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائیں۔آمین ثم آمین ۔ یا رب العالمین

حفاظتی قلعہ

اَللّٰہ ربُّ العزت کا مجھ ناکارہ پر اِحسَانِ عَظیِم ہے کہ اُس کریم ذات نے احقر کو محض اپنے خاص فضل و کرم سے یہ توفیق عطا فرمائی کہ وہ امّت مسلمہ کے ایمان و اِسلام، جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے قرآن و حدیث سے ثابت شدہ اعمال کو جمع و ترتیب دے کر مجموعہ کی شکل میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کرے۔
اپنے وطن عزیز کی خطرناک صورتحال جس میں حکومتی افراد سے لیکر عام شہری تک کسی کی بھی جان و مال عزت و آبرو محفوظ نہیں ہے، ہر شخص عدم تحفظ کا شکار ہے۔ یہ حالات دیکھ کر میرے دل میں بہت زیادہ کُڑھن ہوتی تھی اور دماغ بار بار یہ بات سوچنے پر مجبور ہوجاتا تھا کہ قرآن و حدیث میں تو ہماری حفاظت کے لئےبہت سے اعمال موجود ہیں مگر ہم اُن سے اتنے بے خبر کیوں ہیں؟ بس اسی جذبہ کے تحت ہمت کر کے اللہ تعالیٰ سے توفیق مانگی کہ یا اللہ پاک ایک ایسا منفرد حفاظت کی دُعاؤں کا مجموعہ کتابی شکل میں تیار ہوجائے جس میں ہر فرد کی ہر طرح سے حفاظت کا طریقہ مستند حوالوں کے ساتھ موجود ہو تاکہ ان اعمال کی صبح و شام پابندی کرنے والوں کو قلبی طور پر یہ اطمینان ہو کہ وہ قرآن و حدیث سے ثابت شدہ دعاؤں ہی کا اہتمام کر رہے ہیں۔
اللہ پاک نے مکمل نصرت و تائید فرمائی جسکے نتیجے میں تقریباً ایک سال کے طویل عرصہ کی مسلسل کوشش کے بعد یہ کتاب ’’حفاظتی قلعہ‘‘ تالیف کرنے کی سعادت نصیب ہوئی آخر میں اللہ تعالیٰ سے یہ دُعا ہے کہ وہ اس کتاب ’’حفاظتی قلعہ‘‘ کو محض اپنے فضل و احسان سے شرف قبولیت عطا فرمائے اور اس سے تمام اُمّتِ مسلمہ کو صبح و شام باقاعدگی سے مکمل فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائیں اور ہم سب کے ایمان و اسلام، جان و مال، عزت و آبرو کی اِس میں درج دعاؤں کو پابندی سے پڑھنے کی برکت سے مکمل حفاظت فرمائیں اور اس کے فیض کو قیامت تک جاری و ساری فرمادیں اور اِسکا ثواب حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں ھدیہ پہنچادیں۔

پریشانیوں کا حل ! کامل توبہ و استغفار

اللّٰہ رَبُّ العِزّت کا مجھ ناکارہ پر احسان عظیم ہے کے اس ذات با برکت نے احقر کو اس لائق بنایا کے وہ قرآن وحدیث سے ثابت شدہ کلمات استغفار کو جمع و ترتیب دے کر پریشان حال امت محمدیہ کے سامنے پیش کر سکے تاکہ وہ اپنے دنیاوی واخروی مسائل کے حل کے لئے دربدر کے دھکے کھانے، مخلوق کو راضی کرنے، اللہ کے غیر سے امیدیں باندھنے اور قبروں پر چادریں چرھانے کے بجائے صرف اور صرف اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر اور سچی توبہ کر کے نیکو کاری پرہیز گاری والی زندگی اختیا ر کر کے ایک اللہ واحدہ لا شریک لہٗ سے حل کروانا سیکھ جائیں۔

احقر نے بہت تلاش کے بعد یہ ارادہ کیا کہ ایک ایسا مجموعہ ترتیب دیا جائے جس میں مستند کلمات استغفار جمع ہوں تاکہ قاری کو یاد کرنے میں کوئی شک و شبہ نہ ہونے پائے۔

اللّٰہ رَبُّ العِزّت سے دعا ہے کہ اللہ پاک اس حقیر سی کوشش کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطا فرما کر اس کا ثواب حضورپاک ا کی خدمت میں ھدیہ پہنچادیں ۔اور ہمیں اس مجموعہ، ’’پریشانیوں کا حل! کامل توبہ و استغفار‘‘ سے مکمل فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فر مائیں اور اس کے فیض کو قیامت تک جاری فرمادیں۔ آمین

بیماریوں سے شفایابی کا مسنون طریقہ

اللّٰہ رَبُّ الْعِزّت کا مجھ ناکارہ پر احسان عظیم ہے کے اس ذاتِ با برکت نے احقر کو اس لائق بنایا کے وہ قرآن وحدیث سے ثابت شدہ دعاؤں کے مجموعہ کو ترتیب دے تاکہ امت محمدیہ کہ مریضوں کو روحانی وجسمانی شفاء حاصل ہوسکے۔

علاج کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کے ہم اپنے آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سکھائی گئی دعاؤں کا بھر پور اہتمام کریں اور شفاء کی امید صرف وصرف اللہ پاک ہی سےرکھیں یہ بات تجربے سے ثابت ہے کے جو لوگ علاج کے دوران نفلی صدقات اور مسنون دعاؤں کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں ان کے مریض عام طور پر جلد صحت یاب ہوجاتے ہیں۔

اللّٰہ رَبُّ العِزّت سے دُعا ہے کے اللہ پاک اس مجموعہ ’’بیماریوں سے شفاء یابی کا مسنون طریقہ‘‘۔ سے امت محمدیہ کے بیماروں کو شفاء کامل و عاجل نصیب فرماکر اپنے دین کی عالی محنت کے لئے قبول فرمائے اور اسکا ثواب حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ھدیہ پہنچا دے۔

سفر کے آداب اور مسنون دعائیں

اللّٰہ رَبُّ العِزّت کا مجھ ناکارہ پر احسان عظیم ہے کے اس ذات با برکت نے احقر کو اس لائق بنایا کے وہ قرآن وحدیث مبارکہ سے ثابت شدہ سفر میں حفاظت کی دعاؤں کے مجموعہ ترتیب دے کر امت محمدیہ کی خدمت میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کرے تاکہ ہم لوگ اپنے اسفار نہ صرف سنت کے مطابق کر سکیں بلکہ ہماری حفاظت بھی رہے۔

کتنے خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو قدم قدم پر اپنے محبوب کی اداؤں کی اتباع میں اپنے دن ورات اور سفر وحضر گزارتے ہیں۔اللہ پاک ہمیں بھی ان لوگوںمیں شامل فرمادے تاکہ ہم بھی دنیاوآخرت کی وہ تمام بھلائیاںسمیٹ کر اپنے دامن میں بھر لیں۔ آخر میں اللہ پاک سے دعا ہے کی وہ اس مجموعہ ’’سفر کے آداب اور مسنون دعائیں‘‘ سے امت محمدیہ کے ہر فرد کو فائدہ اٹھانے کی مکمل توفیق عطا فرمائے اور ہم سب کے جان ومال عزت وآبرو کی ان دعاؤں کو پڑھنے کی برکت سے مکمل حفاظت فرما ئے اور اس کاثواب حضوراقدس کی خدمت میں ھدیہ پہنچادے ۔ آمین

حج و عمرہ کی قیمتی دعائیں

اللّٰہ رَبّ العزِت کا مجھ ناکارہ پر اِحسان عظیم ہے کہ اس کریم ذات نے احقر کو محض اپنے خاص فضل و کرم سے یہ توفیق عطا فرمائی کہ زائرین حرمین کے لیئے مسنون دعائوں کو جمع و ترتیب دے کر مجموعہ کی شکل میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کرے۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ بِنِعْمَتِہٖ تَتِمُّ الصّٰلِحٰتُ۔
ترجمہ: تمام تعریفیں اسی اللہ کے لیئے ہیں جس کے انعام (کی مدد) سے تمام نیک کام پورے ہوتے ہیں۔

کتنے سعادت مند ہیں وہ لوگ جنہیں اللہ کریم محض اپنے فضل و احسان سے اپنے گھر بیت اللہ شریف اور اپنے حبیب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ اطہر مسجد نبوی کی زیارت کی توفیق عطا فرماتا ہے اللہ تعالیٰ تمام زائرین حرمین کو یہ تمام دُعائیں نہ صرف ہر موقع پر مانگنے کی توفیق عطا فرمائے بلکہ اپنے کرم سے ان سب کے حق میں قبول ومنظور فرما کر دنیا و آخرت کی تمام بھلائیاں عطا فرمائے اور تمام برائیوں سے مکمل محفوظ فرمائے۔ آمین۔ الحمد للہ بہت ساری کتب ’’حج و عمرہ‘‘ کے مختلف ناموں سے بازار میں پہلے ہی سے دستیاب ہیں لیکن ان سب میں تقریباً مختصر دعاؤں کے ساتھ مسائل بھی مذکور ہیں جس کی بنا پر ان تمام کتب کی افادیت سے بالکل اِنکار نہیں کیا جاسکتا۔ لیکن اس بات کی ضرورت کو بہت شدت سے محسوس کیا جا رہا تھا کہ کوئی ایک کتاب ایسی بھی ہو جو صرف احرام باندھنے کی نیت سے لیکر حاجی کے گھر پہنچنے تک کی تمام مسنون دعاؤں کا احاطہ کیئے ہوئے ہو۔ بس اسی جذبہ کے تحت زائرین حرمین کی اس اہم ترین ضرورت کو پورا کرنے کیلئے اللہ تعالیٰ سے توفیق مانگی جو الحمد للہ اس بارگاہ کبریا کی جانب سے عطا کی گئی جس کے نتیجہ میں یہ کتاب ’’حج و عمرہ کی قیمتی دعائیں‘‘ کی تیاری کی توفیق مِل گئی اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل خاص سے اِس حقیر سی کوشش کو اپنی بارگاہ میں نہ صرف قبول فرمائے بلکہ اِس کا ثواب حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ہدیہ پہنچا کر اِس کتاب کے فیض کو قیامت تک کے لیئے جاری و ساری فرمادیں اور تمام مسلمانوں کو سفر حرمین میں اِس کتاب سے مکمل فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائیں۔ آمین ثم آمین ۔ یا رب العالمین

مؤلف:سیّد شاہد حسین عفا اللہ عنہ